ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مہاراشٹر کے سابق وزیر داخلہ انل دیشمکھ کے قافلے پر پتھراؤ، سر پر چوٹ آئی

مہاراشٹر کے سابق وزیر داخلہ انل دیشمکھ کے قافلے پر پتھراؤ، سر پر چوٹ آئی

Tue, 19 Nov 2024 11:54:50  SO Admin   S.O. News Service

ممبئی، 19/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) کٹول میں شرد پوار گروپ کے رہنما اور مہاراشٹر کے سابق وزیر داخلہ انل دیشمکھ کی گاڑی پر حملہ کیا گیا، جس میں پتھراؤ کیا گیا۔ اس حملے میں انل دیشمکھ زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس فوراً موقع پر پہنچ گئی، اور دیشمکھ کو سر پر چوٹ لگی جس سے خون بہنے لگا۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ حملہ آوروں کی شناخت ابھی تک نہیں ہو سکی ہے اور پولیس اس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

18 نومبر کو مہاراشٹر کی انتخابی مہم کا آخری دن تھا۔ مہم شام پانچ بجے ختم ہوئی۔ دیشمکھ کٹول سے ناگپور شہر لوٹ رہے تھے۔ اسی دوران نامعلوم افراد نے ان کے قافلے پر حملہ کر دیا۔ سابق وزیر داخلہ گاڑی کی اگلی سیٹ پر بیٹھے تھے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ان کی گاڑی کی کھڑکی کھلی ہوئی تھی۔ دیشمکھ کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔ ان کے کپڑوں پر خون ہے۔ این سی پی (شرد چندر پوار) نے بھی اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ویڈیو شیئر کیا ہے۔

مہایوتی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے پارٹی نے کہا، "ریاست میں امن و امان اور جمہوریت تباہ ہو رہی ہے۔ اس کی ایک مثال آج اس وقت سامنے آئی جب ریاست کے سابق وزیر داخلہ انل دیشمکھ پر بزدلانہ حملہ ہوا۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی شرد چندر پوار نے اس واقعہ کی عوامی سطح پر مذمت کی ہے۔‘‘

شیو سینا (یو بی ٹی) کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے کہا، "اس پر دیویندر فڑنویس کا کیا ردعمل ہے؟ یہ ایک سیاسی حملہ ہے۔ سابق وزیر بابا صدیقی کا ممبئی میں قتل اور ناگپور میں سابق وزیر داخلہ کو مارنے کی کوشش کی گئی۔ شرم کرو‘‘!

اس بار شرد پوار نے کٹول سے انل دیشمکھ کی جگہ ان کے بیٹے سلیل دیشمکھ کو میدان میں اتارا ہے۔ وہ ان کی انتخابی مہم چلانے کے بعد واپس آرہے تھے۔2019 کے انتخابات میں انل دیشمکھ نے بی جے پی امیدوار ٹھاکر چرن سنگھ کو شکست دی تھی۔ بی جے پی نے ایک بار پھر ٹھاکر چرن سنگھ کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔


Share: